وزیرِداخلہ(کل) پولیس دربار سے خطاب کریں گے

حالیہ دنوں میں بہادری اور فرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں میںتعریفی اسناد بھی تقسیم کریں گے

بدھ 2 نومبر 2016 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان (کل) جمعرات کو پولیس لائنز میں پولیس دربار سے خطاب کریں گے۔ دربار میں اسلام آباد٬ اے جے کے٬ پنجاب پولیس اور ایف سی اہلکارموجود ہوں گے۔ پولیس دربار سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ وزیرِداخلہ اسلام آباد اور گردو نواح میں حالیہ دنوں میں بہادری اور فرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں میںتعریفی اسناد بھی تقسیم کریں گے۔

اسلام آباد٬ اے جے کے٬ پنجاب پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے گذشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت میں امن عامہ کو یقینی بنانے اور عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ میں دن رات ڈیوٹی سر انجام دی اور یہ ثابت کیا کہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے میں پولیس کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لئے پولیس میں جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے اس پیشہ وارنہ رویے اور موثر حکمت عملی کو ہر سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ یاد رہے کہ امن عامہ کے قیام کے سلسلے میں پولیس اور ایف سی کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیرِداخلہ نے جہاں پولیس اہلکاروں کے عہدوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی ہے وہاں ایف سی اہلکاروں کی تنخواہوں کو اسلام آباد پولیس کے برابر کرنے کی منظوری دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن وزیرِاعظم کی منظوری کے بعد جاری ہو چکا ہے۔دربار کے اختتام پر پولیس اہلکاروں اور خصوصی طور پر پنجاب پولیس٬ اے جے کے پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے لئے خصوصی کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں وزیرِداخلہ بھی شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :