حکومت صنعتی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کمشنر کراچی

بدھ 2 نومبر 2016 21:16

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کراچی کے صنعتی علاقوں کے مسائل کے حل اور صعنتی علاقوں کی ترقی کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے٬ وزیر اعلی سندھ نے انتظامیہ کو کراچی کے صنعتی علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں٬ انتظامیہ صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنا رہی ہے اور ایسو سی ایشنز کی مشاورت سے صنتی علاقوں کی بہتری کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نارتھ کراچی ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے دفتر میں نارتھ کراچی کے صنعتی علاقوں کے مسائل کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے سلسلے میں ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور شہری اداروں کے افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے شہری اداروں کے افسران سے کہا کہ وہ صنعتی علاقوں کی بہتری پر توجہ دیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات کریں۔

کمشنر نے ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ صنعتی علاقہ کی بہتری کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کریں٬ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے ان تجاویز کی روشنی میں ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے پہلے ہی صنعتی علاقوں کی بہتری کے لئے ان کی ضروریات کے مطابق فنڈ کے اجرا کی یقین دہانی کرا دی ہے٬ امید ہے ان کوششوں سے نارتھ کراچی اور دیگر صنعتی علاقوں کی بہتری کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

اجلاس سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفیٰ٬ ایسوسی ایشن کے صدر اختر اسماعیل٬ ایسوسی ایشن کے سرپرست کیپٹن (ر) معیز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر فر ید الدین مصطفی نے اجلاس کو صنعتی علاقوں کے مسائل٬ سٹرکوں کی مرمت٬ اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب٬ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے شروع کی جانے والے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :