ڈی جی پلانٹیشن کی تعیناتی کیخلاف درخواست پروفاقی وزارت خوراک اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب

بدھ 2 نومبر 2016 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزارت خوراک کے ڈائریکٹر جنرل پلانٹیشن ایس ایم عمران کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پروفاقی وزارت خوراک اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایس ایم عمران کی تعیناتی میرٹ سے ہٹ کر کی گئی کیو نکہ ڈائریکٹر جنرل پلانٹیشن ایس ایم عمران متعلقہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ نہیں رکھتے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پلانٹیشن کے عہدے کیلئے زرعی سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری ضروری ہے جبکہ ایس ایم عمران ایم بی اے فنانس کی ڈگری رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے بھی ایس ایم عمران کی تعیناتی پر اعتراض لگایا ۔تاہم ایس ایم عمران کی تعیناتی میرٹ سے ہٹ کر کی گئی ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ڈائریکٹر پلانٹیشن ایس ایم عمران کی تعیناتی کالعدم کی جائے۔فاضل عدالت نے درخواست پروفاقی وزارت خوراک اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔