ضلعی زکوٰة چیئرمینوں کا میرٹ پر چنائو اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مقامی زکوٰة کمیٹیو ں کے کام کی چھان بین کریں

سیکر ٹری ریونیو٬ایکسائز و ٹیکسیشن٬زکوٰة و عشر اور کوآپریٹیوز گلگت بلتستان عبدالوحید شاہ کا تقریب سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 21:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء)سیکر ٹری ریونیو٬ایکسائز و ٹیکسیشن٬زکوٰة و عشر اور کوآپریٹیوز گلگت بلتستان سید عبدالوحید شاہ نے ضلعی زکوٰة چیئرمینوں کے تقرر کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی زکوٰة چیئرمینوں کا میرٹ پر چنائو اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مقامی زکوٰة کمیٹیو ں کے کام کی چھان بین کریں۔

ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غرباء اور مستحقین کے ناموں کا اندراج خوف خدا کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔کسی کیساتھ ظلم و زیادتی نا برتی جائے تاکہ کسی حقدار کی حق تلفی نہ ہو۔ زکوٰة کی ادائیگی اور اس کی تقسیم ایمان کا حصہ ہے اور اس کام کو کار ثواب سمجھ کے کرنا لازم ہے۔انہوں نے مزیدہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی زکوٰة چیئرمین اپنی رپورٹ اورتصدیق شدہ فہرستیں مرتب کریں اور اپنے علاقے کی مساجد میں بذریعہ مقامی زکوٰة کمیٹی آویزاں کریں۔

(جاری ہے)

عوام الناس ان فہرستوں میں غیر مستحق افراد کی شناخت کرنے میں مدد کریں تاکہ صرف مستحقین زکوٰة تک ہی انکا حق آسانی سے پہنچایا جاسکے۔زکوٰة کے نظام کو شفاف اور میرٹ پر لانے کیلئے پورے محکمے کو دن رات ایمانداری کیساتھ کام کرنا پڑیگا اور بغیرکسی لالچ کے اس کام کو پایہء تکمیل تک پہنچانا ہوگا جس کا ہم نے تہیہ کر رکھا ہے۔