دھرنا موخر کیا ٬ ختم نہیں کیا ٬عدالت نے ہمارے موقف کی تائید کی٬ میاں اعجاز جاوید

ہمیں ملک کی عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے٬ فیصلوں کو تسلیم کیا جائیگا٬ وزیراعظم بار بار اعلان کرنے کے باوجود خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کررہے تھے٬ضلعی میڈیا کوآرڈنیٹر پاکستان تحریک انصاف

بدھ 2 نومبر 2016 20:53

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) دھرنا موخر کیا ہے ختم نہیں کیا ٬عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے موقف کی تائید کی ہے ہمیں ملک کی عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور عدالت کے فیصلوں کو تسلیم کیا جائیگا۔ وزیراعظم بار بار اعلان کرنے کے باوجود خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کررہے تھے اب امید ہے کہ عدالت میں ان کا احتساب ہوگا۔

2نومبر کو اسلام آباد میں یوم تشکر کے کارکنوں کی لاکھوں کی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پانامہ لیکس کا جلد نتیجہ چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی میڈیا کوآرڈنیٹر میاں اعجاز جاوید نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصا ف کے میڈیا کوآرڈنیٹرز اکرام انجم٬ ایم عابد٬ اسامہ جلیل٬ جویریہ عثمان ایڈووکیٹ٬ بلال سلہری٬ فاروق باجوہ٬ ڈاکٹر طیب رضا٬ خلیل باجوہ٬ ضرار احمد خان٬علی رضا بٹ٬ملک عثمان ودیگر کارکنوں بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہمیشہ جمہوری حقوق کو سلب کرتی ہے۔ ن لیگ کی ا س حکومت میں سیاسی کارکنوں پر آنسو گیس ٬لاٹھی چارج اور تشدد کی حد کردی گئی۔ کرپٹ سیاستدانوں کے لئے جیل کے علاو ہ کوئی جگہ نہیں ۔میاں اعجاز جاوید نے کہا کہ نوازشریف اور اسکے حواریوں نے خود کو تلاشی کیلئے پیش کردیا۔ تلاشی میں ہی نوازشر یف اور اسکے حواریوں کی عافیت ہے۔ عوام کی خوشحالی نواز شریف کی تلاشی سے مشروط ہے اگر ملک نے آگے بڑھنا ہے اور عوام نے خوشحال ہونا ہے تو اسکی تلاشی ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار عہدیداران اور کارکنوں کو رہا کرے۔