گڈانی میں بحری جہاز میں دھماکے سے 20مزدور جاں بحق ہوئے ہیں ٬ ڈاکٹر حامد اچکزئی

گڈانی میں 133پلاٹ ہیں ٬32بی ڈی اے کے پاس ہیں ٬باقی قبضہ گروپ نے قبضہ کیا ہوا ہے٬ وزیر بی ڈی اے کا بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال سردار صالح بھوتانی کا المناک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے مزدوروں کو فوری معاوضہ دینے کا مطالبہ

بدھ 2 نومبر 2016 20:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) صوبائی وزیر بی ڈی اے ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گڈانی میں ٹوٹل پلاٹ 133ہیں بی ڈی اے کے پاس صرف 32پلاٹ ہیں باقی قبضہ گروپ نے وہاںپر پلاٹوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اس بارے میں ہم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے جیت گئے ہیں جس پلاٹ پر گزشتہ روز تیل برادر جہاز پر دھماکہ ہوا تھا یہ پلاٹ وڈیرہ حمید اللہ او رعطاء اللہ کا ہے اب تک 20مزدور جاں بحق ہوچکے ہیں 58زخمی ہوئے ہیں ۔

انہوںنے یہ بات بدھ کی شام کو بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کی جانب سے گڈانی میں اس المناک واقعہ کے بارے میں مختلف سوالات کے جواب میں کہی ۔ صوبائی وزیر بی ڈی اے نے کہاکہ وہاں پر مافیانے قبضہ کیا ہوا ہے کسٹم اور مقامی انتظامیہ اس واقعے کے ذمہ دار ہے جو بھی با اثر شخص چاہئے گڈانی میں پلاٹ پر قبضہ کرلیتا ہے جس تیل برادر جہاز میں دھماکہ ہوا ہے اسکے لنگر انداز کی کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی اس سے قبل سابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان اور مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سردار صالح بھوتانی نے کہاکہ گزشتہ روز گڈانی میں جو بحری جہاز میں المناک حادثہ ہوا ہے اس میں جو اب تک مزدور شہید ہوئے ہیں اور پی ٹی سی میں جو پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں ان کے بارے میں دعائے مغفرت کی جائے جس پر اسپیکر نے دونوں واقعات میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کرائی گئی اس سے قبل سردار صالح بھوتانی نے کہا کہ میں نے بدھ کے روز چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ سے ملاقات کی اور اس واقعے کے بارے میں ان سے بات کی چیف سیکرٹری نے یقین دلایا ہے کہ گڈانی شپ بریکر یارڈ کے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کیاجائے گا او ر جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے یہ بتایا کہ گڈانی شپ بریکر یارڈ کو عارضی طورپر بند کردیا گیا ہے اور انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ گڈانی میں بی ڈی اے کے کوئی الزامات نہیں صرف ایک چھوٹا سا ہسپتال ہے زخمیوںکو کراچی منتقل کیا گیا ہے میرا مطالبہ ہے کہ اب تک جو بھی اس واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں ان کو فوری طورپر معاوضہ ادا کیا جے ۔ اس سے قبل اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی اور جمعیت علماء کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہاکہ گڈانی میں المناک حادثہ میں جو افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور آرمی کے جو آفیسر شہید ہوئے ہیں ان کے لئے بھی فاتحہ کرائی ۔