فیکٹری ایریا سے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث لال گینگ کے 2ملزمان گرفتار

ملزموں سے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ موٹر سائیکلیں٬نقدی٬ موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد٬22 مزیدوارداتوں کا اعتراف

بدھ 2 نومبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) فیکٹری ایریا پولیس نے شہریوں کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر قیمتی اشیاء سے محروم کرنے اور موٹر سائیکلیں چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے 2ملزمان کوگرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرشہر کے مختلف علاقوں سے وارداتوں میںلوٹا ہوا لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ ٬ موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کے احکامات کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران ڈاکوئوں ٬چوروں اوردیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے لاہور پولیس کی سپیشل ٹیمیں دن رات سرگرم عمل ہیں۔ ایس پی کینٹ رانا طاہر الرحمان نے ایس پی و ڈیفنس ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کی سربراہی میں ایس ایچ اوفیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ اوردیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے لال ڈکیت و چور گینگ کے سرغنہ عامر الیاس عرف لال اور اس کے ساتھی حسن منیر کو گرفتارکر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ4موٹر سائیکلیں٬ نقدی٬ موبائل فونز٬ ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہی اسلحہ کی نوک پر شہریوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کرنے سمیت گھروں٬ پارکنگ اسٹینڈز اور پلازوں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹرکیز کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس سے قبل بھی ڈکیتی اور چوری کے مقدمات میں کئی دفعہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ فیکٹری ایریا٬ ڈیفنسA٬ کوٹ لکھپت٬ نشتر کالونی٬ لیاقت آباد٬ ٹائون شپ٬ گرین ٹائون٬ نصیر آباد٬ ماڈل ٹائون٬ فیصل ٹائون٬ گلبرگ اور غالب مارکیٹ کے علاقوں میں ڈکیتی اورموٹر سائیکل چوری کی22مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اورموٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ اور ان کی ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :