دیر بالا میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔عنایت الله

بدھ 2 نومبر 2016 20:13

پشاور۔02 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله کی سربراہی میں بدھ کے روز پشاور میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے کانفرنس روم میں دیر بالا کے ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان ٬ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ٬ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو٬ ایڈیشنل سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ٬چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں دیربالا میں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کے قیام٬ گرلز ڈگری کالج براول٬ ڈگری کالج دروڑہ٬دیر ماڈل سکول اور دیر لوئر اور اپر کو آپس میں ملانے والی اجارہ تا جان پٹئی سڑک کے تعمیر ی کام کی رفتار کا جائزہ لیاگیا ۔

(جاری ہے)

اجلا س میں براول دیر میں نوجوانوں کے کھیل کود کیلئے پلے گرائونڈز کی تعمیرکا بھی جائزہ بھی لیا گیا۔سینئر وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے رواں مالی سال میںتکمیل کو یقینی بنائیں۔

عنایت الله نے کہا کہ اجارہ تا جان پٹئی سڑک کی تعمیر سے دیر لوئر اور اپر کے دونوں اضلاع میںآمدورفت کے نہ صرف فاصلے کم ہونگے بلکہ ان کے منسلک ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئیگی اور دونوں اضلاع کے ہزاروں لوگوں کو فائدہ بھی ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دیر میں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس میں آئندہ سیشن سے کلاسز شروع ہو جائیں گے جس سے مقامی طلباء کو اعلی تعلیم کی سہولیات ان کے گھر کے دہلیز پر میسر آئیں گی۔