وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کوسی پیک میں بھرپور حصہ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ پورا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے٬سکندر حیا ت شیرپاؤ

بدھ 2 نومبر 2016 19:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء)سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی وسماجی بہبوداور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیا ت خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے سی پیک میں بھرپور حصہ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ پورا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے اور اگر مخصوص علاقوں کی ترقی کی گئی اور پسماندہ اور چھوٹے صوبوں کونظرانداز کیا گیا تو اس سے نہ صرف وفاق پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ چھوٹے صوبوں کی محرومیوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دلدار گڑھی یونین کونسل مرزاڈھیر ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں جمیل افضل خان٬دلدار خان٬جنرل کونسلر عالمزیب خان٬قاری نجیب اللہ٬محمد گل٬مختیار خان٬طفیل احمد٬محمد ایوب٬سعیداللہ٬٬پرویزگل ٬بہادرشیر اور جھانگیر خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ وفاق کے استحکام اور مزید مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ مرکزی حکومت چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کی تقسیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں ان کو بھرپور حصہ دے۔انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت کے امتیازی رویہ کی وجہ سے چھوٹے صوبوں میں شدید محرومی پائی جاتی ہے جبکہ یہاں کے عوام نے نامساعد حالات میں بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن ان کی بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ یہاں پر سرمایہ کاروں کو اچھا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انھوں نے فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پختونوں کی آواز مزید مضبوط و موثرہو گی بلکہ ہمارا صوبہ ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا جس سے پختونوں کی قومی یکجہتی بھی پیدا ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر اور اکنامک زون سمیت تمام لوازمات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پختونوں کی پسماندگی کا ازالہ کرکے ان کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی واحد جماعت ہے جوپختونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور انشاء اللہ تمام پختونوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی پی کے 21کے چیئرمین مفتی افتخار ٬ضلعی و تحصیل ناظمین اور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔