سرکاری کاموں کیلئے افسروں کی پرائیوٹ ای میل استعمال کرنے کا کیس ٬وزارت دفاع ٬قانون ٬نادرا اور دیگر کو نوٹس جاری

بدھ 2 نومبر 2016 19:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری کاموں کے لئے افسروں کی پرائیوٹ ای میل استعمال کرنے کے کیس میں وزارت دفاع ٬قانون ٬نادرا اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابدعزیزشیخ نے شاہدجمال تبریزی ایڈووکیٹ کی درخواست پرسماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ افسران سرکاری کاموں کے لئے پرائیویٹ ای میل کااستعمال کر رہے ہیں ٬پرائیویٹ ای میل سے سرکاری راز دوسروں تک پہنچ جاتا ہے ۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ پرائیویٹ ای میل کا استعمال پروٹیکشن ایکٹ 2014ء سے متصادم ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ سرکاری خط وخطابت کے لئے پرائیویٹ ای میل پر پابندی لگائی جائے ۔ فاجل عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکومتی اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ۔