وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس٬پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کے تعمیراتی امور کا جائزہ

بدھ 2 نومبر 2016 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںپاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کے تعمیراتی امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارلحکومت میں گردوں اورجگر کے امراض کے علاج کے حوالے سے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنایا جارہا ہے اوریہ ادارہ گردوں و جگر کے امراض کے علاج معالجہ کے حوالے سے منفرد ثابت ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اہم منصوبہ ہے اوراسے برق رفتاری سے مکمل کرنا ہے ۔پی کے ایل آئی دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

عوامی خدمت کے بڑے منصوبے کی تکمیل کیلئے سب کو محنت ٬جذبے اورلگن سے کام کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

عوام کوعلاج معالجہ کی سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچانے کے پروگرام پر عمل پیر اہیں ۔ انہوںنے کہا کہ گردے اورجگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج کی جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتال کے قیام پراربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسرانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے منصوبے کے تعمیراتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق٬ایڈیشنل چیف سیکرٹری٬چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات٬ سیکرٹریزصحت٬خزانہ٬چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔