ذکر اللہ مجاہد دوسری مرتبہ جماعت اسلامی لاہور کے امیر منتخب

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بڑے اجتماع میں ان سے حلف لیا

بدھ 2 نومبر 2016 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاںمقصود احمد نے جماعت اسلامی لاہور کے ارکان سے استصواب رائے کے بعد ذکراللہ مجاہد کو دوسری بار سیشن2016-18کیلئے جماعت اسلامی لاہور کے امیر کا قلمدان سپرد کر دیا ہے ۔ذکر اللہ مجاہد کے امیر بننے کے فیصلے کو مرکزی ٬ صوبائی ٬ مقامی قیادت و کارکنوں سمیت عوامی حلقوں میں بھر پور پذیرائی حاصل ہے ۔

امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب نے ایک بڑے اجتماع میںان سے حلف امارت لیا ۔نومنتخب امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے آئندہ کے لیے اپنی ٹیم کے لئے وسیع تر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے وہ چند دنوں میںجماعت اسلامی لاہور کی ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اور نائب امراء کا اعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے حلف کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر پاکستان کا دل ہے ہم لاہور شہر کو صحیح معنوں میںپاکستان کا دھڑکتا ہوا دل بنائیں گے ہم شہر میں امن و امان اور خوشحالی لانے کے لئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کا پاکستانی سیاست میں ہمیشہ اہم کر دا ررہا ہے ہم اس کردار کو دوبارہ زندہ کرنا چاہتے ہیں اورلاہور کے شہریوں کو ایک صاف ستھرا پر امن اور خوشحال لاہور دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر نعمت اللہ خان سابق میئر کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو نعمت اللہ خان نے بھی خدمت کا حق ادا کر دیا ۔ اس طرح اہلیان لاہور اگر جماعت اسلامی لاہور پر اعتماد کریں گے تو اس شہر کو بھی دنیا کا بہترین شہر بنا کر دکھائیں گے ۔