Live Updates

پانامہ لیکس کے ایشو پر سپریم کورٹ کافیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی بڑی کامیابی ہے٬شہرام ترکئی

مبر کا دھرنا ذاتی مفاد ٬ملک میں انتشار یا سیاست چمکانے کیلئے نہیں ٬کرپشن کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی کی آئینی و قانونی جدوجہد تھی

بدھ 2 نومبر 2016 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے پانامہ لیکس کے ایشو پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو پاکستان تحریک انصاف کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایشو پر پاکستان تحریک انصاف نے ایک اصولی موقف اپنا رکھا تھا جس کی حمایت حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتیں کرتی تھیں مگر وفاقی حکومت اس معاملے پر ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کو مجبوراً سڑکوں پر آنا پڑا۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2نومبر کا دھرنا کسی ذاتی مفاد ٬ملک میں انتشار یا سیاست چمکانے کیلئے نہیں بلکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے پی ٹی آئی کی آئینی اور قانونی جدوجہد تھی ۔سپریم کورٹ سے کی طرف سے اس ایشو پر ایک غیر جانبدار کمیشن کی تشکیل پی ٹی آئی کے اس اصولی موقف کی تائید ہے ۔سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے دھرنے کے فیصلے کو موخر کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف محض ذاتی مفادات یا اقتدار کے حصول کی سیاست نہیں کرتی بلکہ اصولوں ٬جمہوری روایات کے استحکام اور قومی مفاد کی جدوجہد کرتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات