وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں سلیکشن بورڈ کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا

بدھ 2 نومبر 2016 17:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں سلیکشن بورڈ کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں کالج آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز اور کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر اور مختلف انتظامی آسامیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوکیے گئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں منعقد ہونے والا یہ آٹھواں اجلاس تھا جس میں مختلف شعبہ جات میں خالی آسامیوں کے لیے انٹرویو ہوئے۔ وائس چانسلر اپنی آمد کے بعدہی سے یونیورسٹی میں برسہا برس سے خالی سینکڑوں آسامیوں پر اہل اور قابل امیدواروں کے تقرر کے لیے سلیکشن بورڈ منعقد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان سلیکشن بورڈوں میں ملک بھر سے مختلف مضامین کے اعلیٰ پائے کے ماہرین نے شرکت کی اور تمام فیکلٹیز میں پروفیسرز٬ ایسوسی ایٹ پروفیسرزاور اسسٹنٹ پروفیسرز کی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔

اسی طرح بہت سے یونیورسٹی اساتذہ کئی برسوں سے ترقیوں کے منتظر تھے کہ سلیکشن بورڈ منعقد ہوں اور انہیں ترقی ملے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی میں طویل عرصے سے بہت سی خالی آسامیوں پرتقرر نہ ہونے کے باعث معیارِ تعلیم متاثر ہو رہا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے بغیر کسی تفریق اور امتیاز کے گزشتہ ادوار میں دیئے گئے اشتہارات پر سلیکشن بورڈ منعقد کرائے ۔

اس اقدام کے نتیجے میں نہ صرف اساتذہ کو ترقیاں ملیں اور اُن کا مورال بلند ہوا بلکہ تدریسی اور تحقیقی عمل کو بھی جلا ملی۔یہ عمل یونیورسٹی کے لیے انتہائی خوش آئند ثابت ہوا۔یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی حالیہ رینکنگ میں ایک سال کے مختصر عرصے میں 51ویں پوزیشن سے 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جو بلا شبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

متعلقہ عنوان :