معاشرے میں امن وآشتی کے فروغ کے لیے نوجوان نسل کی کردار سازی نہایت اہم ہے٬وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور

بدھ 2 نومبر 2016 17:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن وآشتی کے فروغ کے لیے نوجوان نسل کی کردار سازی نہایت اہم ہے۔ اساتذہ ٬ طلبا وطالبات سمیت پورے معاشرے کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ دور ِ حاضر میں استاد کے ساتھ ساتھ ہمارے اردگرد کا ماحول خصوصاً جدید ذرائع ابلاغ جیسے انٹرنیٹ٬ پرنٹ والیکٹرانک میڈیا بھی ہمارے طلبا کی تربیت کر رہے ہیں اور یہ تمام عوامل باہمی مربوط اور کارفرما ہیں۔

اصل نقطہ یہ ہے کہ رول ماڈل اعلیٰ اخلاقی اقدار کو پروان چڑھائیں۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ’’پروفیسر معاشرے کے کینوس میں امن کے رنگ بھر سکتے ہیں‘‘ کے موضوع پرمنعقد کیے جانے والے پراجیکٹ کے اختتام پر منعقد ہونے والی ’’عزم امن کانفرنس ‘‘ میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ انسانی میں تمام بڑی شخصیات قائدین اور مفکرین نے اپنے قول وفعل سے کردار کی بلندی کو ثابت کیا اور تمام معاشرے کی رہنمائی کی ۔

ان کا رواداری ٬ باہمی احترام اور تحمل وبرداشت کا پیغام پورے معاشرے کے لیے قابلِ تقلید بنا ۔ان مفکرین نے اپنے سیرت وکردار سے اعلیٰ خلاقیات کی تعلیم دی اور اس طرح پر امن اور محفوظ معاشرے وجود میں آئے۔ اس موقع پرمہمان اعزاز سمیع اللہ چودھری چیئرمین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ جہالت کی انتہا دہشت گردی کو جنم دیتی ہے جب کہ علم خوش حالی کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔

اساتذہٴ کرام اندھیروں میں چراغ جلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نوجوان طبقے کو امن کا پیامبر بناسکتے ہیں جو پورے معاشرے میں امن اور خوش حالی کی جوت جگا سکتے ہیں۔پروگرام کی فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر رضیہ مسرت نے کہا کہ ہمارا معاشرہ عدم برداشت اور عدم رواداری کا شکار ہے جس پر قابو پانے کے لیے اساتذہ کو اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نوجوان نسل میں امن ٬ اعتدال ٬ برداشت اور رواداری کا پیغام پروان چڑھانے کے لیے ایک خصوصی پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا جس کے تحت مختلف کیمپسوں میں آٹھ سیشن منعقد کرائے گئے اور مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والی 25نمایاں پاکستانی شخصیات کی تصاویر٬ پیغامات اور کارنامے تمام کیمپسز میں آویزاں کیے گئے تاکہ طلبہ وطالبات اُن کے طرزِ زندگی کو اپنے لیے قابل تقلید سمجھیں اور پُر امن ٬ مفید اور فعال شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پرمقررین نے معاشرے میں امن و آشتی کے فروغ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔