وزارت تجارت اور وزارت دفاعی پیداوار نے آذربائیجان کے ساتھ برآمدات کو 500 ملین ڈالر تک بڑھانے کا لائحہ عمل تیار کیا ہے

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور وزارت صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

بدھ 2 نومبر 2016 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کے آذربائیجان کے دورہ کی پیروی کرتے ہوئے وزارت تجارت اور وزارت دفاعی پیداوار نے آذربائیجان کے ساتھ برآمدات کو 500 ملین ڈالر تک بڑھانے کا لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور وزارت صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے وزیر تجارت کی سربراہی میں سیکرٹریز وزارت تجارت٬ صنعت و پیداوار٬ انفارمیشن ٹیکنالوجی٬ سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور سیکرٹری وزارت خارجہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس حوالہ سے سیکرٹری وزارت تجارت کو اس کمیٹی کا فوکل پرسن بھی نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی قیادت میں رواں ماہ کے آخر میں ایک وفد آذربائیجان کا دورہ کرے گا جو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالہ سے امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور برآمدات کے فروغ کیلئے مشترکہ نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر تجارت نے اجلاس میں بتایا کہ آذربائیجان نے پاکستان سے فارماسیوٹیکل کی درآمدات اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کیلئے تعاون فراہم کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور آذربائیجان کے ساتھ تجارت کو 500 ملین ڈالر تک بڑھانے کیلئے پانچ سالہ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔

وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے اجلاس میں بتایا کہ آذربائیجان دفاع سے متعلقہ مصنوعات پاکستان سے خریدنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سے آذربائیجان کیلئے برآمدات کا حالیہ حجم 60 ملین ڈالر ہے جبکہ درآمدی حجم 0.031 ملین ڈالر ہے۔

متعلقہ عنوان :