بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں٬ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

بدھ 2 نومبر 2016 17:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں پار کر لی ہیںاور وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد کو طاقت کے بل پردبانے میں مسلسل مصروف ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے گئے ہیںجبکہ رواں برس آٹھ جولائی سے تاحال سو سے زائد بے گناہ کشمیریوںکوشہید اور ہزاروں کو زخمی کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سینکڑوں کوپیلٹ مار کر بصارت سے محروم کیاگیاجبکہ ہزاروںکشمیری اس وقت تھانوں٬ جیلوں اور تفتیشی مراز میں بندہیں۔ بیان میں کہا کہ سیاسی نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے او ر انکے اہلخانہ کو انکے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔

(جاری ہے)

بیان میں پارٹی ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی کی ۱۳/اگست سے مسلسل غیر قانونی اور بلاجواز گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے انکی نظر بندی کو طول دے رہی ہے ۔ بیان میں کشمیر بار ایسو سی ایشن سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیری سیاسی نظربندوںکی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے اسکے خلاف موثر قانونی چارہ جوئی کرے۔