یکم جنوری سے 2نومبرتک ڈینگی سے متاثرہ 1101 مریضوں کا علاج کیا گیا ٬ آصف قادر میر

اسلام آباد کے 711 اور راولپنڈی کے 378 ڈینگی سے متاثرہ رہائشیوں کا علا ج کیا گیا٬ ڈینگی وارڈمیں داخل مریضو ں کا ہر چھ گھنٹے کے بعد بلڈ ٹیسٹ اور ہر 12 گھنٹے کے بعد الٹراسائونڈ کیا جاتاہے٬ ہر دس مریضو ں کیلئے ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کی خدمات دستیاب ہوتی ہیں٬ ایم ایس بینظیر بھٹو ہسپتال کی ڈینگی وارڈز کے بارے میں بریفنگ

بدھ 2 نومبر 2016 17:49

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال آصف قادر میر نے کہاہے کہ یکم جنوری سے 2نومبر 2016تک بینظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 1101 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے قائم کئے گے ڈینگی کائونٹر پر8,0321 افراد کی رجسٹریشن کی گئی جن میں سے ابتدائی تشخیص کے بعد 6,644 مریضوں میں ڈینگی کی کوئی علامات ثابت نہ ہوئیں جبکہ 1677 مریضوں کے ٹیسٹ کئے گے۔

انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی حدود میں واقع ہے مگر یہاں راولپنڈی سے زیادہ اسلام آباد کے ڈینگی سے متاثرہ رہائشیوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بینظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کی علاج معالجہ اور تشخیص کیلئے دی گئی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال آصف قادر میر نے کہا کہ یکم جنوری سے 2نومبر 2016تک اسلام آباد کے 711 اور راولپنڈی کے 378 ڈینگی سے متاثرہ رہائشیوں کا علا ج کیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ سے تین ٬ آزاد کشمیر سے سات اور جہلم اور سرگودھا کے ایک ایک رہائشی کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال آصف قادر میر نے کہا کہ ڈینگی کی تشخیص کا عمل تیز ترین ہے او ر ڈینگی کائونٹر کے پاس ہی لیبارٹری موجود ہے جس سے دس منٹ تک مریض کو داخل کرنے کافیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہسپتال میں قائم انسداد ڈینگی وارڈ زمیں مریضوں کا ہر چھ گھنٹے کے بعد بلڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس سے مریض کے پلیٹ لیٹس کی تعداد کا شمار کیا جاتاہے اور ہر بارہ گھنٹے کے بعد مریض کا الٹر سائونڈ کیا جاتاہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ مریض کی کوئی اندرونی بلیڈنگ تو نہ نہیں ہو رہی اور اس کے علاوہ ہر تین گھنٹے کے بعد مریض کا درجہ حرارت معلوم کیا جاتاہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال آصف قادر میر نے کہا کہ ڈینگی سے متاثرہ ہر دس مریضوں کیلئے ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کی خدمات موجود ہو تی ہیں اور یہ اعلی معیار کی یہ تمام سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا تی ہیں اور ان تمام جدید سہولیات کی بدولت ڈینگی سے متاثرہ کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ بالا تمام سہولیات حکومت پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں دستیاب ہیں اور یہ تمام سہولیات معیاری سہولیات ہیں اورپورے صوبہ میں ڈینگی متاثرہ مریضوں کا مناسب ڈیٹا اکٹھا کیا جاتاہے اور اس کی روشنی میں منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔