سٹاک ایکسچینج میں 2کھرب سے زیادہ سرمایہ کاری حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے ‘خادم حسین

بہتر و سازگار حالات میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے ‘سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈلاہور

بدھ 2 نومبر 2016 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء)فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر وایگزیکٹو ممبر کو کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی ماربل انڈسٹریز لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز خادم حسین نے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں دھرنا موخر ہونے کے اعلان کے فوری بعد2کھرب سے زائد کی سرمایہ کاری حکومت پر سرمایہ کاروں کے اعتمادکا اظہار ہے ٬دھرنوں کی سیاست نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اس سے صنعتکار و کاروباری طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خادم حسین نے کہا کہ 19ماہ بعد سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں ایک روز میں1400پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور توانائی٬ بینکنگ ٬ گیس ٬ٹیلی کام اور سٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری ہوئی اور388کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بہتر و ساز گار حالات میں ہی غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے اس لیے اپوزیشن جماعتیں اپنے تمام معاملات مذاکرات اور عدلیہ کے ذریعے حل کروائیں تاکہ ملک میں کاروبار ی سرگرمیاں جاری رہیں اور ملکی معیشت مضبوط سے مضبوط تر ہو۔ا س سے ملک میں پڑھے لکھے افراد کو روزگار کے لاکھوں مواقع حاصل ہونگے اور ملک خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔