ڈی سی او عمارہ خان کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریوئو کمیٹی ایجو کیشن کا اجلاس ٬اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی معیار کا جائزہ

ناقص کارکردگی پر اساتذہ کیخلاف کاروائی ہو گی‘ضلع میں کوئی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہے ‘عمارہ خان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 17:06

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریوئو کمیٹی ایجو کیشن کا اجلاس گزشتہ روز گورنمنٹ ایلمنٹری ٹیچر ٹریننگ کالج میں منعقد ہوا۔ جس میں ای ڈی او ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی ‘ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید محمد رضا ‘ڈی ای او ایلمنٹری ملک اشرف کھوکھر ‘ڈی او او سکینڈری کوثر پروین ‘ڈی ای او ایلمنٹری نجمہ ریاض ‘ڈپٹی ڈی ای اوز مردانہ و زنانہ اور ضلع بھر کے اے ای اوز نے شرکت کی ۔

اجلاس کو ای ڈی او ایجو کیشن نے ضلع قصور میں ٹیچرز اور ایجو کیشن کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔طلباء و طالبات اور اساتذہ کی حاضری کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا ۔ ڈی سی او قصور عمارہ خان نے اس موقع پر محکمہ ایجو کیشن کے افسران اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں میں چھوٹے بچوں کی حاضری کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے سربراہان اور متعلقہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے ای ڈی او ایجو کیشن کو ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی پر اساتذہ کی سرزنش جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے تا کہ وہ مزید جوش و جذبہ کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں ۔ ڈی سی او نے مجموعی طور پر کوالٹی ایجو کیشن کی فراہمی کیلئے ضلعی ایجو کیشن حکام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں داخلہ مہم کی کامیابی پر مبارکباد دی ۔

متعلقہ عنوان :