لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے مرعوب ہونیوالے نہیں ٬راجہ محمد فاروق حیدر

آزادکشمیر کے عوام بزدل بھارتی فوج کے مقابلے کیلئے کافی ہیں ٬کنٹرول لائن پر بسنے والے ملک کا پہلا دفاعی حصار ہیں جن کے تمام مسائل حل کرنا اولین ذمہ داری ہے بھارتی فائرنگ سے زخمی اور شہید ہونے والوں کو معاوضہ جات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے ٬اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 16:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے مرعوب ہونے والے نہیں ٬آزادکشمیر کے عوام ہی بزدل بھارتی فوج کے مقابلے کے لیئے کافی ہیں ٬کنٹرول لائن پر بسنے والے ملک کا پہلا دفاعی حصار ہیں جن کے تمام مسائل حل کرنا اولین ذمہ داری ہے ٬حکومت اس حوالے سے تمام مالی وسائل فراہم کرے گی ٬بھارتی فوج جدیداسلحے اور بڑی تعداد ہونے کے باوجود کشمیری نوجوانوں کے جذبے سے گھبرا کر لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہی ہے ٬تمام محکمہ جات لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیئے ہمہ وقت تیار رہیں ٬بھارتی فائرنگ سے زخمی اور شہید ہونے والوں کو معاوضہ جات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے ٬وہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے جائزہ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اجلاس میںچیف سیکرٹری آزادکشمیر ٬سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو٬سیکرٹری مالیات اورسیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شرکت کی ٬وزیراعظم کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال اور اب تک ہونے والے واقعات پر مکمل بریفنگ دی گئی ٬وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول سے متصل ہسپتال اور ایمرجنسی سروس فراہم کرنے والے ادارے ہمہ وقت تیار رہیں ٬بھارت کے پاس جب اور کوئی چارہ نہیں رہا تو اس نے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے پردہ ہٹانے کے لیئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ شروع کر دی مگر یہ سلسلہ نیا نہیں پہلے بھی 2500لوگ اسی فائرنگ سے شہید ہوئے جبکہ بھارتی پیرا ملٹری ٹروپس بدنام زمانہ کالے قوانین اور وادی میں مسلسل کرفیو کے نفاذ کے بعد بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کمی نہ لا سکے ٬وزیراعظم نے تمام محکمہ جات ٬ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی صورتحال کے پیش نظر اپنی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ٬مسلح افواج اپنے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی قیادت میں ملک کے دفاع کی بھرپور اہلیت و صلاحیت رکھتی ہیںاگر ضرورت پڑی تو اپنی فوج کے شانہ بشانہ سرحدوں کی حفاظت کواپنا فریضہ سمجھتے ہوئے میدان عمل میں اتریں گے٬وزیراعظم نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والوں کے لیئے حفاظتی بنکرز تعمیر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس کے لیئے فنڈز بھی محتص کیئے ہیں جن پر جلد عملدرآمد ہو گا۔