صوبائی حکومت ہر شعبے اور محکمے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے٬فاروق میر

لیگی حکومت بدعنوانی ٬اقرباء پروری کیخلا ف ہے ٬مخالفین کی جانب سے کی جانیوالی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے٬ مشیر وزیراعلی گلگت بلتستان

بدھ 2 نومبر 2016 16:52

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان کے مشیر فاروق میر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر شعبے اور محکمے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت بدعنوانی اور اقرباء پروری کے خلا ف ہے اور مخالفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔

(جاری ہے)

فاروق میر نے کہا کہ ہم اصولوں کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کے وژن کے تحت تمام محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا جاچکا ہے۔

ماضی میں سیاسی دبائو کے زریعے اداروں میں بے جا مداخلت کی جاتی رہی اور موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر ادارے کو ایک عوام دوست پالیسی کے تحت ہی کام کرنے دیا جائے۔ مشیر برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ سی پیک سے وابستہ توقعات بہت جلد پوری ہو جائیں گی اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے عوام کو سرکاری اداروں کے علاوہ دیگر زرائع روزگار بھی میسر آئیں گے۔