ڈنمارک نے ملک میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت حاصل کرنے کی باقاعدہ اجازت دیدی

بدھ 2 نومبر 2016 16:45

ڈنمارک نے ملک میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت حاصل کرنے کی باقاعدہ ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی مداخلت سے ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت کی سہولت حاصل ہو گئی ہے اور ڈنمارک کی حکومت نے پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ملک میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت کی باقاعدہ اجازت دیدی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی منظوری کے بعد بیرون ملک پاکستانی یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں نے وفاقی محتسب کو شکایت کی تھی کہ انہیں دوہری شہریت کی سہولت حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکایات کمشنر حافظ احسان احمد کھو کھر نے یہ معاملہ وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر نے ڈینش گورنمنٹ کے سامنے ملک میں مقیم پاکستانیو ں کا دیرینہ مسئلہ اٹھایا اور یوں ایک طویل گفت و شنید اور خط و کتابت کے بعد ڈینش گورنمنٹ نے اپنی پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد ملک میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت حاصل کرنے کی اجاز ت دے دی ہے۔ اس سہولت سے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا ۔

یوں وفاقی محتسب کی مداخلت سے بیرون ملک پاکستانیوں کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے جس پر انہوں نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حافظ احسان احمد کھو کھر نے بتایا کہ پاکستان کا اٹھارہ ملکوں کے ساتھ دوہری شہریت کا معاہدہ ہے جن میں برطانیہ‘ فرانس‘ اٹلی‘ بیلجئم‘ آئس لینڈ‘ آسٹریلیا‘ نیوزی لینڈ‘ کینیڈا‘ مصر‘ اردن‘ شام‘ سوئٹزر لینڈ ‘نیدر لینڈ‘ امریکا‘ سویڈن ‘آئرلینڈ ‘بحرین اور فن لینڈ شامل ہیں۔ حافظ احسان احمدکھر کھر نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کی منظوری کے بعد ڈنمارک میں مقیم پاکستانی دوہری شہریت حاصل کر سکیںگے۔

متعلقہ عنوان :