ایف پی سی سی آئی کا وفد جلد آذربائیجان کا دورہ کرے گا٬ دونوں ممالک کے مابین تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے سفارشات پیش کی جائیںگی٬عبدالرئوف عالم

بدھ 2 نومبر 2016 16:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کا ایک وفد جلد آذربائیجان کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لی گا اور انہیں دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کی حکومتوں کو سفارشات بھی پیش کی جائیںگی۔

انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارت صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تیل٬ گیس٬ ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ہم برادر اسلامی ملک کے صدر اور وزیر دفاع کے دورے کے منتظر ہیں جو چند ماہ میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے کہا کہ ان کے ملک کا نجی شعبہ پاکستان سے بڑی تعداد میں ٹیکسٹائل مصنوعات درآمد کرنا چاہتا ہے جس کیلئے ایف پی سی سی آئی سے تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے سلسلہ میں انہوں نے وزیر تجارت خرم دستگیر خان سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ وہ اپنے ملک میں جلد منعقد ہونے والے ای سی او بزنس فورم میں پاکستان کے اعلیٰ حکام اور نجی شعبہ کی بھرپور شرکت کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ملک میں پاکستانی چاول کی بڑی مانگ ہے جس سے مقامی برآمدکنندگان فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین براہ راست پرواز یں شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے برادرانہ تعلقات اور تجارت میں مزید اضافہ ہو گا۔