متمول لوگ غریبوں کی تعلیم اور علاج معالجہ کے لئے کوشش کریں یہ بھی صدقہ جاریہ ہے ‘طاہر حیدر

بدھ 2 نومبر 2016 16:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) متمول لوگ غریبوں کی تعلیم اور علاج معالجہ کے لئے کوشش کریں یہ بھی صدقہ جاریہ ہے ‘جہالت ایک بیماری ہے اور جاہل معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ تعلیم عام ہو گی تو معاشرے میں انقلاب آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار الحیدر فائونڈیشن کے چیئرمین طاہر حیدر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم ٬ ملک و فرد کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

لہذا متمول اور امیر افراد کو معاشرے میں غریب لوگوں کو تلاش کر کے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا چاہئیے تاکہ ان کی دولت کا مصرف بھی صحیح جگہ ہو اور غریب لوگ بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جاہل معاشرہ میں بہت ساری خرابیاں ہوتی ہیں وحی کا پہلا لفظ ہی ’’ اقراء‘‘ ہے جس کے معنی ہیں ’’پڑھیئے‘‘۔ آج ہمارے معاشرے میں کئی لوگ غربت کی آخری سطح پر ہیں جو بیمار ہو جائیں تو اپنا علاج معالجہ نہیں کروا سکتے اور اگر بچوں کو تعلیم دلوانا چاہئیں تو ان کے پاس بچوں کی کتابوں اور یونیفارم کے لئے پیسے نہیں ہوتے۔

ان غریبوں پر اگر امراء اور متمول لوگوں کی دولت خرچ ہو جائے تو یہ خرچ کرنے والوں کی آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بھی ہو گا اور ہمارا معاشرا جہالت سے پاک ہو کر ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :