مظفر آباد‘ جہلم ویلی روڈ پر قائم رشید آباد چونگی پر شرفا سے جگا ٹیکس وصولی کا انکشاف

بدھ 2 نومبر 2016 16:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء)جہلم ویلی روڈ پر قائم رشید آباد چونگی پر شرفا سے جگا ٹیکس وصولی معمول بن گئی ۔احتجاج پر تذلیل کی جاتی ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض احمد اور عبدالعزیز نے بتایا کہ رشید آباد چنگی پر راجہ امتیاز اور دیگر اہلکار شہریوں سے جگا ٹیکس وصول کرتے ہیں اور پرائیویٹ گاڑیوں کو روک کر جبراً چنگی وصول کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پرائیویٹ گاڑی میں اپنی فیملی کے ہمراہ مظفرآباد آرہے تھے کہ رشید آباد چونگی پر تعینات راجہ امتیازنامی شخص نے گاڑی روک کر چنگی مانگی تو ہم نے جواب دیا کہ ہماری گاڑی پرائیویٹ ہے اور ہم ماتم میں جا رہے ہیں اس کے باوجود راجہ امتیاز نے خواتین کی موجودگی میں نازیبا زبان استعمال کی اورحملہ آور ہونے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر مظفرآباد اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ مظفرآباد سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ رشید آباد چنگی پر شرفاء کی تذلیل اور جگا ٹیکس وصول کا فوری نوٹس لیا جائے ۔بصورت دیگر عوام راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔