ْپاکستان اور آزربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارت کم ہے٬ایف پی سی سی آئی

آزربائیجان کا دورہ کرکے تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرینگے٬آزربائیجان کے صدر اور وزیر دفاع جلد پاکستان کا دورہ کرینگے٬عبدالرئوف عالم

بدھ 2 نومبر 2016 16:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارت پوٹینشل سے بہت کم ہے۔ ایف پی سی سی آئی کا ایک وفد جلد ہی آزربائیجان کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے کرانھیں دور کرنے کی کوشش کرے گا جبکہ دونوں حکومتوں کو بھی سفارشات پیش کی جائینگی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے یہ بات آزربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تیل٬ گیس ٬ ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ہم برادر اسلامی ملک کے صدر اور وزیر دفاع کے دورے کے منتظر ہیں جو چند ماہ میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے کہا کہ انکے ملک کا نجی شعبہ پاکستان سے بڑی تعداد میں ٹیکسٹائل مصنوعات درامد کرنا چاہتا ہے جسکے لئے ایف پی سی سی آئی سے تعاون درکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے سلسلہ میں انھوں نے وزیر تجارت کرم دستگیر خان سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ وہ اپنے ملک میں جلد منعقد ہونے والے ای سی او بزنس فورم میں پاکستان کے اعلیٰ حکام اور نجی شعبہ کی بھرپور شرکت کے خواہشمند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انکے ملک میں پاکستانی چاول کی بڑی مانگ سے جس سے مقامی برامدکنندگان فائدہ اٹھائیں۔دونوں ممالک کے مابین براہ راست پرواز یں شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے برادرانہ تعلقات اور تجارت میں مزید اضافہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :