Live Updates

عمران خان نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کرکے غلطی کی٬قمر زمان کائرہ

بدھ 2 نومبر 2016 16:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کرکے غلطی کی اور یہ لفظ انہیں خود ہی مہنگا پڑ گیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو شروع دن سے یہی بات کررہی تھی کہ جلسے جلوس ضرور کریں تاہم اسلام آباد کو بند کرنا نامناسب طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر عدالت مداخلت نہ کرتی تو تحریک انصاف بہت بڑے ٹکراؤ میں شامل ہونے جارہی تھی اور اگر لاک ڈاؤن کا اعلان نہ کیا گیا ہوتا تو ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی جو گذشتہ دنوں میں دیکھنے میں آئی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے سب اپوزیشن جماعتوں کو چھوڑ کر اکیلے چلنے کا فیصلہ کیا جو ان کی دوسری بڑی غلطی تھی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس مرتبہ عمران خان کو ایک اور موقع ملا ہے اور امید کرسکتے ہیں کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات