Live Updates

عمران خان نے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا٬ عوام پی ٹی آئی سے بیزار ہو چکے ہیں٬ 2018ء میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں پھر حاضر ہوں گے٬عابد شیر علی

ْ

بدھ 2 نومبر 2016 16:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا٬ عوام پی ٹی آئی سے بیزار ہو چکے ہیں٬ 2018ء میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں پھر حاضر ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ ہتھیار اور کرینیں لے کر ملک کے منتخب وزیراعظم پر دھاوا بولنے آئے تاہم خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے ایسا ہی کیا اور انہیں ماضی کی طرح ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک اپنے صوبے سے صرف چند سو لوگ ہی لانے میں کامیاب ہو سکے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پی ٹی آئی سے بیزار ہو چکی ہے کیونکہ ان لوگوں نے اپنے حکومتی صوبے کے پی کے میں عوام کے لئے کچھ کیا ہی نہیں٬ عمران خان نے سوائے مایوسی کے لوگوں کو کچھ بھی نہیں دیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف تو پانامہ لیکس پرشروع دن سے ہی کہہ رہے ہیں کہ کمیشن بنا دیں جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عدالتوں کا احترام کرتی ہے اور ان کے ہر فیصلے کو تسلیم کرتی ہے اس لیے ہم عدالتی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور عدالت جسے بھی بلائے گی وہ عدالت میں ضرور حاضر ہوگا لیکن پی ٹی آئی کو بھی عدالت میں ثبوت فراہم کرنا ہوں گے٬ ہم پی ٹی آئی کی قیادت کی طرح عدلیہ کو برا بھلا نہیں کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو منتخب کیا ہے یہ کون ہوتے ہیں وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے٬پاکستان مسلم لیگ ن عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہ خدمت جاری رکھے گی اور 2018ء میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں پھر حاضر ہوں گے اور جسے وہ منتخب کریں گے وہی اقتدار سنبھالے گا۔

ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ساڑھے سات سال تک وزیراعظم محمد نواز شریف کے پورے خاندان کا ٹرائل ہوتا رہا تاہم ان پر کوئی ایک بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہو سکا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات