پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا پبلک سکول سپورٹ پروگرام فیز اول کی نجی ادارے سے توثیق کر وانے کا فیصلہ

بدھ 2 نومبر 2016 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے پبلک سکول سپورٹ پروگرام کے پہلے فیزسے منسلک سکولوں کی مستند نجی ادارے کے ذریعے سے توثیق کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ادارہ جاتی شفافیت اورکارکردگی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔یہ ہدایت پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے آج یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ وار محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز ٬ پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایم ڈی پیف طارق محمود نے کہا کہ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ کے فیلڈ سٹاف کی بدولت سکولوںکی موثر اور متواتر نگرانی میں مددملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے 36اضلاع میں ضرورت مند گھرانوں کے 25لاکھ طلباء وطالبات کو نزدیکی پارٹنر سکولوں میں تعلیم جیسا بنیادی حق دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح معاشی تنگ دستی کا شکار گھرانوں کو یہ پیغام ملا ہے کہ وسائل کی کمی ان بچوں کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔یہ فائونڈیشن جہالت کے خلاف جنگ میںایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بر وقت رہنمائی کے حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی ویب سائٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ویب سائٹ پر پارٹنر سکولوں اور عوامی رہنمائی کے حوالے سے ضروری معلومات اور حقائق کومتواتر اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے۔

مزید بر آں پارٹنرسکولوں کے متعلقہ ریکارڈ کو اس طرح سے ترتیب دیا جائے جس سے سروس ڈیلیوری مزید فعال ہو۔اس موقع پر نجی سکولوں کے اشتراک سے بے وسیلہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیاکہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے کوالٹی بنچ مارک کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے۔

اجلاس نے سکولوں کے اساتذہ و طالب علموں کی حفاظت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوںاور قوانین پر موثرعمل درآمد کے حوالے سے تجویز کیا کہ پارٹنرتعلیمی اداروںکے بلڈنگ سرٹیفیکیٹ کے حصول کے ساتھ ساتھ دستیا ب تعلیمی سہولتوں کے معیا ر کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ طالب علم محفوظ اور پر سکون تعلیمی ماحول میں سلسلہ تدریس جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :