وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و انسپکشن ٹیم کا خیرپور کا دورہ

کچہری روڈ ٬ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس میں تحقیقات کے سلسلے میں معلومات حاصل کیں

بدھ 2 نومبر 2016 15:58

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور انسپکشن اینڈ انکوائریز ٹیم کے سربراہ نادر حسین خواجہ نے کہا ہے کہ صوبے میں انٹرا سٹی سڑکوں اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپورمیں جو ترقیاتی منصوبوںمیں بدعنوانی کی تحقیقات کرکے رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو فراہم کی جائے گی اس سلسلے میں کوئی بھی دبائو اور سفارش قابل قبول نہیں ہوگی بدعنوانی میں ملوث افسران اور ملازمین کو ہتھکڑیاں لگیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ٹیم کے اراکین غلام مصطفی٬ یاسر بلوچ کے ساتھ پریس کلب خیرپور پہنچ کر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نادر حسین خواجہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری افسران اور ملازمین کو وقت کا پابند بنایا ہے سندھ سیکریٹریٹ کے دروازے عوام کی خدمت کے لیے کھلے ہوئے ہیں جرائم کی وارداتوں پر قابو پایا گیا ہے صوبے میں گڈ گورننس کا نظام مثبت انداز میں نظر آرہا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی بڑی پارٹی ہے اور ہمارے رہنمائوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کی ہے جس کے نتیجے میں عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ابھی بہت کچھ ٹھیک کرنا ہے جس کے لیے میڈیا سے یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ ملک قوم اور صوبے کے عظیم مفاد میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور انٹرا سٹی سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی بدعنوانی کو اجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دیں گے اس سلسلے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل اور قابل ستائش ہے دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ کی انسپکشن ٹیم نے کچہیری روڈ کی بیشتر مرتبہ تعمیر کی شکایت پر سڑک کا دورہ کیا اور وہاں موجود عوام سمیت اسٹیک ہولڈرز سے معلومات حاصل کیںجبکہ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور کے دورے کے دوران ٹیم کو پرووائس چانسلر غلام سرور کندھر نے بریفنگ دی اور کیمپس کے تمام شعبوں میں انجینئرنگ کی تعلیم کے حوالے سے معلومات فراہم کی اس موقع پر معاون خصوصی نادر حسین خواجہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ صوبے میں بہتر تعلیم اور عوامی بھلائی کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے جس کے لیے انتظامی سیٹ اپ میں مثبت تبدیلی کے اثرات نظر آرہے ہیں اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر تبدیلی کی گئی ہے تاکہ عوام کو مزید زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ترقیاتی اسکیموں سے عوام کوفائدہ حاصل ہوسکے جس کے لیے سی ایم آئی ٹی اپنی تمام تر تحقیقات مکمل کرکے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو دیں گے انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں کوئی دبائو اور سفارش برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے قلم سے بدعنوانیوں کے بارے میں لکھیں تاکہ مزید کام کرنے میں آسانی ہوسکے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کا واحد لیڈر بلاول بھٹو زرداری ہے جس پر کوئی داغ نہیں اور نہ ہی کوئی الزام ہے جس کی مرضی کے مطابق سندھ حکومت عوامی بھلائی کے لیے بہتر طور پر کام کررہی ہے تاکہ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو بر وقت اور دیے گئے ہدف کے مطابق مکمل کرایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ انسپکشن ٹیم کے اراکین غلام مصطفی٬ یاسر بلوچ٬ ڈائریکٹر اطلاعات سکھر سید آصف علی شاہ ٬ پیر ندیم جان سرہندی اور دیگر موجود تھے ۔