Live Updates

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے قیادت کے’ سو لو فلائٹ ‘ فیصلوںپر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرانا شروع کر دیا

’فیصلے کرتے وقت با عزت واپسی کی گنجائش رکھی جانی چاہیے ‘‘٬کارکنوں کے مرکزی رہنمائوں کے موبائل فونز پر احتجاجی پیغامات پنجاب سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے باہر نہ نکلنے پر تحقیقات ٬ذمہ دار رہنمائوں کے احتساب کا بھی مطالبہ کر دیا گیا ‘ ذرائع

بدھ 2 نومبر 2016 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے قیادت کے ’’ سو لو فلائٹ ‘‘ فیصلوںپر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا شروع کر دیا ٬ مرکزی رہنمائوں کے موبائل فونز پر پیغامات کے ذریعے فیصلوں سے ہونے والی سبکی سے آگاہ کیا جارہا ہے ٬پنجاب سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے باہر نہ نکلنے پر تحقیقات اوررہنمائوں کے احتساب کا بھی مطالبہ کر دیا گیا ۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں کی اکثریت کی طرف سے قیادت کے حالیہ فیصلوں پر نہ صرف شدید ناراضگی دکھائی جارہی ہے بلکہ اس پر باضابطہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا جارہا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ قیادت کو جلد بازی میں انتہا کی سطح پر جا کر اعلانات اور ڈیڈ لائن نہیں دینی چاہیے ۔

(جاری ہے)

قیادت کی طرف سے دو نومبر کو دھرنے کا اعلان تو کر دیا گیا لیکن ذمہ دار رہنمائوں نے کارکنوںاور عوام کو اس کیلئے تیار کرنے کی ذمہ داری نہیں نبھائی ۔

قیادت مشاورت سے فیصلے کرے اور جلد بازی میں آخری حد تک جانے کی بجائے فیصلوں میں گنجائش رکھی جائے تاکہ نہ صرف با عزت واپسی کا راستہ بچ سکے بلکہ کارکن اپنے سیاسی مخالفین کی بحث کا دلیل سے جواب دے سکیں۔ ذرائع کے مطابق کارکنوں کے پاس جن رہنمائوں کے موبائل فون نمبرز موجود ہیں ان پر احتجاجی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں ۔ ایک اور ذرائع کے مطابق کارکنوں نے پنجاب سے کارکنوں کے باہر نہ نکلنے پر بھی اس کی ذمہ داری رہنمائوں پر عائد کرتے ہوئے قیادت سے اس کی تحقیقات اور ان کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات