ہزارہ یونیورسٹی کا 9 واں کانووکیشن نومبر کے دوسرے ہفتہ میں منعقد ہو گا٬ انتظامات کا جائزہ بارے اجلاس

بدھ 2 نومبر 2016 13:53

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا 9 واں سالانہ کانووکیشن نومبر کے دوسرے ہفتہ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔کانووکیشن میں 250 سے زائد طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور 150 گولڈ میڈل تقسیم کئے جائیں گے٬ کانووکیشن کے حوالے سے اب تک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ٬اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے کنوینئرز٬ ممبران اور ڈینز نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا کانووکیشن تعلیمی لحاظ سے ایک اہم سرگرمی ہے٬ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور فلاح کیلئے مل جل کر کام کرنا ہے٬ ۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف تعمیراتی منصوبوں کے متعلق بھی غور کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ وفاقی حکومت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو یہ منصوبے جلد از جلد ارسال کریں٬ ان تعمیراتی منصوبوں میں بوائز و گرلز ہاسٹل٬ مالیکیولر بیالوجی کور فیسیلٹی٬ شمسی توانائی کے منصوبے٬ رہائشی کالونی کی تعمیر جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کیلئے ماڈل سٹیٹوچز کو بھی حتمی شکل دی جائے تاکہ ان کی منظوری جلد از جلد سنڈیکٹ اور سینیٹ سے لی جائے۔ وائس چانسلر نے تمام اساتذہ٬ پروفیسرز٬ ڈینز اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیحات میں طلباء و طالبات کو معیاری تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتطامی افسران کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کوششیں جا ری ہیں تاکہ یونیورسٹی سے وابستہ طلباء و طالبات٬ ریسرچرز٬ اساتذہ اور ملازمین کے مسائل حل ہوں اور ان کو بہتر انداز سے اپنی تعلیم٬ تحقیق اور فرائض منصبی ادا کرنے میں مدد ملے٬ آنے والا وقت ہزارہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور اس کو قومی سطح کا معیاری تعلیمی ادارہ بنانے میںاہم کردار ادا کرے گا جس کیلئے ہم نے اپنی توانائیاں مثبت اور بہتر انداز میں استعمال کرنی ہیں۔