نقب زنی کیس کا فیصلہ٬ایڈیشنل سیشن جج گلگت نے ملزم اعجاز کو 14سال٬گل فراز اور حسین اللہ کو 17 ٬17 سال قید کی سزا سنادی

بدھ 2 نومبر 2016 13:53

گلگت- (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء)ایڈیشنل سیشن جج گلگت خورشید احمد نے نقب زنی کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم اعجاز احمد کو 14سال جبکہ ملزم گل فرازاور حسین اللہ کو 14,14سال اور غیر قانونی اسلحے کی برآمدگی پر 3,3سال مزید قید کی سزا سنادی ۔تفصیلات کے مطابق31اکتوبر 2014کو کنوداس سرکاری کالونی میں امجد شریف کے گھر پر رات ایک بجے نقاب پوش ملزمان بمعہ اسلحہ گھر میں داخل ہوئے اورسونا سمیت دیگر تقریبا 30لاکھ روپے کی لاگت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ٬جس پرپولیس نے سٹی تھانہ گلگت بلتستان میںمقدمہ قائم کرکے ملزم گل فراز ساکن گونر فارم دیامر اور حسین اللہ ساکن جگلوٹ چکر کوٹاور ملزم اعجاز احمد ساکن کنوداس گلگت کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی٬ دوران تفتیش ملزمان نے اقبال جرم بھی کیا اورملزم گل فراز اور حسین اللہ سے پستول بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس نے چالان مکمل کرکے ملزمان کوعدالت میں پیش کیا اور ملزمان نے عدالت عالیہ سے ضمانت حاصل کی تھی۔ 21اکتوبر 2016کو مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج گلگت خورشید احمد کی عدالت میں ہوا۔عدالت نے دونوں اطراف کے ملزمان کے دلائل سننے کے بعد ملزم اعجاز کو14سال جبکہ ملزم گل فراز اور حسین اللہ کو 14,14سال کے ساتھ غیر قانونی اسلحے کے برآمدگی پر 3,3 سال مزید سزا سناد ی ۔