وزیراعظم اوروفاقی کابینہ کی اسلام آباد لاک ڈائون سے موثر طریقے سے نمٹنے پر چوہدری نثار کی کوششوں کی تعریف

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہدا اور گڈانی شپ یارڈ حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی وزیر داخلہ نے ریاست کے تحفظ کے لئے اپنا فرض موثر طریقے سے سر انجام دیا٬ وزیراعظم نوازشریف وزیراعظم کی قیادت اور رہنمائی میں اپنا فرض ادا کیا٬ وزیراعظم کے اعتماد اور حمایت پر شکر گزار ہوں٬چوہدری نثار

بدھ 2 نومبر 2016 12:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر حملے کے شہداء اور گڈانی شپ یارڈ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی‘ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے اسلام آباد لاک ڈائون سے موثر طریقے سے نمٹنے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کوششوں کو سراہا۔

بدھ کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے تلاوت کلام پاک کی۔ اس کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ گڈانی شپ یارڈ حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وفاقی کابینہ نے اسلام آباد لاک ڈائون سے موثر طریقے سے نمٹنے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کوششوں کی تعریف کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے ریاست کے تحفظ کے لئے اپنا فرض موثر طریقے سے انجام دیا۔ ریاست کی رٹ کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اپنا کردار اچھے طریقے سے نبھایا جو کہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت اور رہنمائی میں اپنا فرض ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون اور یلغار کے خلاف پولیس ‘ ایف سی ریاست اور قانون کی عمل داری کے لئے ڈٹی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے اعتماد اور حمایت پر ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ (ن غ)