ریاست کی عملداری قائم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے٬

وزیراعظم محمد نواز شریف وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریاست کے تحفظ کیلئے اپنا فریضہ احسن طور سر انجام دینے پر چوہدری نثار علی خان کی تعریف٬گڈانی شپ یارڈ میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں اور پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

بدھ 2 نومبر 2016 12:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں وفاقی کابینہ نے ریاست کی عملداری قائم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ’’اسلام آباد پر یلغار اور اسے بندکرنے ‘‘ کی درپیش صورتحال سے موثر طور پر نبردآزما ہونے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے بدھ کو کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ کیلئے اپنا فریضہ انجام دینے پر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی عملداری قائم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی رہنمائی اور قیادت کے تحت اپنے فرائض انجام دیئے اور ان کے اعتماد اور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست اور قانون کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ قبل ازیں کابینہ اجلاس کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔ وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ کابینہ نے گڈانی شپ یارڈ میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں اور پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔