وزیر اعلیٰ کے پی کے نے پختونوں کی جانوںکو داؤ پر لگا یا٬ خود گاڑی میں بیٹھ کر گولیوں اور شیلنگ کیلئے کارکنوں کو سامنے کر رکھا

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور کا بیان

منگل 1 نومبر 2016 20:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 نومبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے پختونوں کی جانوںکو داؤ پر لگا یا اور خود گاڑی میں بیٹھ کر گولیوں اور شیلنگ کیلئے کارکنوں کو سامنے کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کو یہ کسی صورت زیب نہیں دیتا کہ وہ دارالخلافہ پر دھاوا بولنے کیلئے لاو لشکر سمیت چڑھائی کریں ٬ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک نے اعلان کیا کہ ہر صورت اسلام آباد میں داخل ہونگے لیکن انہیں بالآخر پسپائی اختیار کرنا پڑی اور اس قسم کے اعلان کا حق صرف اے این پی کے پاس ہے جب اس نے اعلان کیا کہ کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا تو نہیں بنا اورجب تک اے این پی کا ایک بھی کارکن زندہ ہے نہ ہی کبھی بن سکے گا ٬ ہارون بشیر بلور نے کہا کہ عمران خان نے بھی دس لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا دعوی کیا تاہم جب انہیں حقیقت کا اندازہ ہوا کہ ان کے پاس صرف چند لوگ ہیں تو انہوں نے دھرنا ملتوی کر کے جلسہ کا اعلان کر دیا۔

صوبائی ترجمان نے وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ گرفتار سیاسی کارکنوں کو رہا کیا جائے۔