چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی-درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 31 اکتوبر 2016 16:53

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواست ..

لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31اکتوبر۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی، عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ نے فیاض احمد مہر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ 2012 میں سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کا فیصلہ سنایا اور 1990 کے انتخابات میں 140 ملین روپے کی بندر بانٹ کی تحقیقات کرنے اور پیسہ لینے والے سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو اصغر خان کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ سپریم کورٹ کا معاملہ ہے اور پورے ملک سے متعلق ہے، سپریم کورٹ سے رجوع کریں ، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح ہدایات ہیں، یہ صرف پنجاب کا معاملہ نہیں ہے، جس پر درخواست گزار نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تحقیقاتی ایجنسیاں کام ہی نہیں کر رہیں۔