ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا ٬ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:40

بھاگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا گوادر پورٹ کا معاہدہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں ہوا ا ورچین کی کمپنی نے وشیئرز رئیسانی دور میں سنگاپور کمپنی سے خریدے الزامات لگانے والے حقائق کو شعلہ بیانی سے نہیں چھپاسکتے پاک چین اقتصادی راہداری ایک بہت بڑی معاشی سرگرمی ہے بہت بڑی ترقیاتی انویسٹ منٹ ہے ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو نیشنل پارٹی کچھ کے ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی سی پیکج پر واضح پالیسی نے بلو چ تشخص ٬ریونیو میں بلوچستان کا حصہ ٬ملازمتوں میں مقامی افراد کے حق اور سرمایہ کاری میں مقامی افراد کی شراکت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی قانون سازی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو براہ راست بلوچستان کے کنٹرول میں دینے کی ضرورت ہے ۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے دونوں بڑے سانحات نے بہت بڑا نقصان بلوچستان کے عوام کو دیا آٹھ اگست کے سانحے میں ہمارے پڑھے لکھے طبقے کو نشانہ بناکر ہمیں اندھیروں میں دھکیلنے کی بہت بڑی سازش کی گئی اور حالیہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں بلوچستان کے نوجوانوں کو نشانہ بناکر معاشرے کو اپاہج کرنے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ دونوںسانحات سے نیشنل پارٹی برائے راست متاثر ہوئی ہے ان سے ہونے والے نقصانات نے براہ راست ہمیں متاثر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر سانحے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت ہے تاکہ حقائق سامنے آجائیں کہ کس کی کوتاہی اور کمزوری کی وجہ سے ہم اپنے محبوب نوجوانوں سے محروم ہوئے ۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ انتہاء پسندی نے بلوچستان کے سماج کو بری طرح متاثر کردیا ہے لیکن نیشنل پارٹی نے مشکل حالات میں بھی انتہائی تدبر اور جرات کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا اور انتہاء پسندی کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ اقتدارکا نیشنل پارٹی کو نہ شوق تھا اور نہ ہے اقتدار ہماری حکمت عملی کا حصہ ضرور ہے لیکن ہمار امقصد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد تبدیل ہوتا جارہا ہے پارٹی کے رہنماوں اورکارکنوں کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا تاکہ اس پورے خطے میں پارٹی کو منظم و فعال بنایا جاسکے۔ کانفرنس سے جان محمد بلیدی ٬ وڈیرہ بشیراحمد ٬ عبدالغنی ٬یار محمد ٬عبداللہ ٬اسلم گشکوری ٬اکبر علی ٬میراسماعیل چھلگری ٬کشمیر خان ٬ چنگیز حئی بلوچ ٬رفیق کھوسہ اور دیگر سیاسی کارکنوں نے خطاب کیا کانفرنس کے بعدوڈیرہ بشیراحمد نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان داکٹر عبدالمالک بلوچ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔