ہمارے دین اسلام کی بنیاد اًمن٬ سلامتی٬ بھلائی اور باہمی محبت ہے‘رفیق رجوانہ

ہمیں اسوقت سب سے زیادہ ضرورت اپنی صفوں میں اتحاد اور سوچوں میں مطابقت پیدا کرنی ہے مسلمانوں پر مخالفوں کی طرف سے بے سرو الزامات اور منفی پراپیگنڈوں کا مؤثر جواب دیا جائے ‘گورنر پنجاب

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمارے دین اسلام کی بنیاد اًمن٬ سلامتی٬ بھلائی اور باہمی محبت ہے٬ ہمیں اسوقت سب سے زیادہ ضرورت اپنی صفوں میں اتحاد اور سوچوں میں مطابقت پیدا کرنی ہے تاکہ مسلمانوں پر مخالفوں کی طرف سے بے سرو الزامات اور منفی پراپیگنڈوں کا مؤثر جواب دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سکالرز اور مذہبی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صدر عالمی رابطہ ادب اسلامی (جامعیہ اشرفیہ٬ لاہور) حضرت مولانا فضل الرحیم٬ ڈاکٹر سلمان ندوی(سائوتھ افریقہ) ٬ڈاکٹر سید احمد عنایت اللہ (سعودی عرب) ٬ قاری محمد حنیف جالندھری٬ سیکرٹری اوقاف پنجاب نوازش علی ٬ سپیشل سیکرٹری سی ایم پنجاب زاہد سلیم گوندل٬ ڈائریکٹر اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری٬ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت جس قدر آج ہے اتنی پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرکے اور دینی اہمیت کو فروغ دینے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کے اتحاد کا داعی ہے اور اس مقصد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ گورنر نے کہا کہ آپ لوگ جس قدر مسلم امہ کے لئے رہبر کے طور پر کام کررہے ہیں یقینا اس سے مسلم ممالک میں امن کی فضاء پیدا ہوگی ۔

گورنر نے کہا حضرت علامہ اقبالؒ کا پیغام ہمارے لئے مشعل راہ ہے ٬ اقبالؒ صرف پاکستان یا برصغیر کے لوگوں کے شاعر اور مفکر ہی نہیں بلکہ ملت اسلامیہ ٬ انسانیت کے شاعر اور مفکر بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کا کلام ہمہ گیریت پر مبنی ہے جس سے ہر دور اور زمانے کے افراد رہنمائی اور آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر مختلف ممالک سے آئے ہوئے مذہبی رنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ میرے لئے یہ باعث فخر اور برکت کی بات ہے کہ آپ حضرات یہاں تشریف لائے۔

اس موقع پر صدر عالمی رابطہ ادب اسلامی (جامعیہ اشرفیہ٬ لاہور) حضرت مولانا فضل الرحیم نے گورنر پنجاب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور انہیں جامعہ اشرفیہ میں آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کے دورے کے دوران ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ اس موقع پر دُنیا میں قیام امن٬ شہدائے کشمیر اور بالخصوص سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کے لئے خصوصی طور پر دُعا مانگی گئی۔

متعلقہ عنوان :