دو روزہ بین الاقوامی علامہ محمد اقبالؒ کانفرنس کے اختتام پر قراردادیں پیش کی گئیں

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:30

لاہور۔30 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) عالمی رابطہ ادب اسلامی کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی علامہ محمد اقبالؒ کانفرنس میں قرارداد منظور کی گئی کہ پاکستان کے نصاب تعلیم میں فکر اقبال کو شامل کیاجائے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے تمام تعلیمی اداروں‘ سکولوں‘ یونیورسٹیوں اور دینی مدارس کے طلبہ کی ذہنی‘ فکری اور اخلاقی تربیت کیلئے ’’مجلس اقبال‘‘ قائم کی جائے ‘ فکر اقبال کے فروغ کیلئے قائم مختلف سرکاری و غیر سرکاری ادارے فکر اقبال کے سلسلہ میں ذرائع ابلاغ کی صحیح رہنمائی کریں اور خصوصاً سوشل میڈیا پر شعر و فکر اقبال کو جس غلط اور نامناسب انداز میں پیش کیا جارہا ہے‘ اس کی موثر روک تھام اور مناسب رہنمائی عمل میں لائی جائے۔

اردو زبان کی ترویج و اشاعت کیلئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے دفتری زبان اردو قرار دی جائے‘شاعر اسلام کو خراج تحسین پیش کرنے والی یہ عالمی کانفرنس اور رابطہ ادب اسلامی قرارداد پیش کرتی ہے کہ سال 2017ء کو ’’اقبال کا فلسفہ خودی‘‘ کا سال قرار دیا جائے اور نوجوان نسل کو اس سے آگاہ کرنے کیلئے پورا سال اقبالؒ اکیڈمی اور دیگر اداروں کے تعاون کے ساتھ مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں۔