سی آئی اے کے تینوں یونٹس فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کریں‘ ڈی آئی جی سی آئی اے

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ سی آئی اے کے تینوں یونٹس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے خفیہ ایکشن پلان کے مطابق فوری طور پر کارروائی کا آغاز کریں اور ہر 72 گھنٹے کے بعد کارروائیوں کی مفصل رپورٹ پیش کریں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہی۔

اجلاس میں سی آئی اے کے تینوں یونٹس کے ایس ایس پی٬ ایس آئی یو پیر محمد شاہ٬ ایس ایس پی٬ اے سی ایل سی منظور کھٹیان٬ ایس ایس پی٬ اے وی سی سی طارق دھاریجو نے شرکت کی۔ ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ زیر التواء کیسوں کو فوری طور پر نمٹایا جائے٬ سی آئی اے کے تینوں یونٹس اپنے اپنے ٹارگٹ کی کارروائیاں تیز کی جائیں اور مطلوبہ ملزمان سمیت مقدمات میں مطلوب مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بینک ڈکیت٬ اسٹریٹ کرمنلز٬ اغواء برائے تاوان٬ بھتہ مافیا٬ موٹر سائیکل و کار لفٹر گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کے ساتھ ساتھ گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ایکشن میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے کے تمام یونٹس متحرک ہیں٬ ایس آئی یو٬ اے وی سی سی اور اے سی ایل سی اپنے اپنے ٹاسک کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرمنل کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ اس بات کا بھی خاص خیال رکھا جائے کہ کرمنل کے خلاف کاررائیوں کے دوران کسی بھی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی موثر روک تھام اور اسٹریٹ کرمنل کے خلاف کارروائیوں کے لئے سی پی ایل سی کے ساتھ تیکنیکی اور جدید خطوط پر پلان بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :