لنک روڈ کی تعمیر سے تمام علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ٬ نصر اللہ زیرے

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) حلقہ پی بی 5کے علاقے تختانی بائی پاس قادری آباد تا خلجی کالونی سریاب روڈ نئے لنک روڈ کا افتتاح گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی ٬ پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے تختانی بائی پاس قادر ی آباد کے مقام پر کیا ۔

متعلقہ لنک روڈ حلقہ پی بی 5کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کے حلقے کے سالانہ ترقیاتی فنڈز سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ افتتاح اور عوامی جرگے کے موقع پر علاقے کے معتبرین حاجی عباس شاہوانی ٬ کونسلر حمد اللہ بڑیچ ٬ حاجی سعید شاہوانی ٬عبدالعلی اچکزئی ٬ملک محمد عیسیٰ شاہوانی ٬ حاجی ارسلاں خان خلجی ٬ کونسلر نعیم اچکزئی ٬ محمد حیات بڑیچ ٬ تیمور شاہ لالا ٬ خدائے نظر ٬ عمران خان بڑیچ٬ گل جان کاکڑ ٬احسان اللہ خان ٬ حاجی پائند خان خلجی ٬ حاجی علائوالدین اچکزئی ٬حاجی شیر محمد خلجی ٬رحیم اللہ بڑیچ ٬حاجی برات خان خلجی٬ حاجی عبدالسلام بڑیچ اور علاقے کے معتبرین اور بڑی تعداد میں عوام موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جب مہمان بائی پاس پہنچے تو ان کا پشتونخوامیپ کے کارکنوں نے پرتپاک خیر مقدم کیا ۔ ان پر پھول کی پتیاں نچاور کی اورصوبائی وزیر محمد خان شاہوانی ٬ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر لنک روڈ کا افتتاح کیا ۔ بعد میں حاجی شیرگل خلجی کی رہائش گاہ پر مہمانوں کے اعزاز میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی اور رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ لنک روڈ کی تعمیر سے تمام علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا اور اس سے علاقے میں معاشی ٬ معاشراتی اور تعلیمی سرگرمیوںمیں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے لنک روڈ کیلئے زمین فراہم کرنے پر حاجی عباس شاہوانی اور حاجی سعید شاہوانی اور دیگر لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔ مقررین نے کہا کہ مواصلات رسل ورسائل کے ذرائع ٬سڑکیں انسانی ترقی میں اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور موجودہ حکومت اس سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو لنک روڈ سے منسلک کرنے کیلئے عملدرآمد کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 5میں گزشتہ 3سال میں بلا امتیاز تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جھال بچھایا جارہا ہے اور اب جلد ہی سریاب روڈ کو کسٹم تک وسیع کرنے اور خوبصورت بنانے کیلئے خطیر رقم رکھی گئی ہے اور اسی طرح سریاب ٬ ایسٹرن بائی پاس اور دیگر متعلقہ علاقوں کی بہتری کیلئے بھی کام کا آغاز ہوگا ۔

عوامی اجتماع سے کونسلر حمد اللہ بڑیچ ٬ حاجی محمد ادریس شاہوانی نے بھی خطاب کیا ۔