ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں٬ وزیر خزانہ کی ہدایت

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ وہ اتوار کو یہاں اکتوبر 2016ء کے دوران ایف بی آر کی کارکردگی اور محصولات پر پیشرفت کے جائزہ کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے وزیر خزانہ کو ماہانہ محصولات وصولی کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے حوالے سے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس دہندگان کے گوشوارے بروقت جمع کرانے کیلئے انہیں سہولیات بہم پہنچائیں۔ اس موقع پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔