پنگریو شہر میں نوکوٹ روڈ پر واقع خاصخیلی برادری کے گھروں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پنگریو شہر میں نوکوٹ روڈ پر واقع خاصخیلی برادری کے گھروں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی آتشزدگی کے اس واقع میں دو گھر جل گئے اور اس میں موجود سامان بھی خاکستر ہو گیا اطلاع ملنے پر پنگریو پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی آتشزدگی کے مقام پر پہنچ گئی جبکہ قریبی گھروں سے بھی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچے اور آگ کو مزید گھروں تک پھیلنے سے بچا لیا بعدازاں خاصخیلی برادری کے افراد نے موسیٰ خاصخیلی٬ اللہ بچایو اور دیگر کی قیادت میں پریس کلب پنگریو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے گھروں کو لغاری برادری کے افراد نے آگ لگائی ہے انہوں نے کہا کہ لغاری برادری کے افراد ہمیں یہاں سے بے دخل کرنا اور ہمارے گھروں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور اس سے قبل یہ افراد ہمیں سنگین نتائج کی دہمکیاں دے چکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گھروں کو نذر آتش کر نے کے بعد اب ہمیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں لغاری برادری کے یہ افراد انتہائی با اثر ہیں اور انہیں سیاسی شخصیات کی بھی پشت پناہی حاصل ہیں انہوں نے کہا کہ گھر جلنے کے بعد ہم کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں اور کسی نے بھی ہماری مدد نہیں کی پنگریو تھانے میں آتشزدگی کے اس واقع کی این سی لغاری برادری سے تعلق رکھنے والے داد لغاری٬ مانک لغاری٬ قادر لغاری اور خمیسو لغاری کے خلاف درج کر لی گئی ہے ادھر لغاری برادری کے خمیسو لغاری نے پریس کلب پنگریو میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقع سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے موسیٰ خاصخیلی اور دیگر نے اپنے گھروں کو آگ لگائی ہے اور اس سے قبل گھروں سے سامان بھی نکال لیا تھا اپنے گھروں کو آگ لگانے کا مقصد ہم پر بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ درج کرانا ہے انہوں نے کہا کہ موسیٰ خاصخیلی اور اس کے رشتہ داروں نے ہماری ذاتی زرعی زمین پر قبضہ کیا ہے اور موسیٰ خاصخیلی و دیگر ہماری باقی ماندہ زرعی زمین پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں اسی لئے اس طرح کے من گھڑت اور جھوٹے واقعات کے ذریعے ہمیں مقدمات میں پھنسانے اور ہماری زرعی زمین پر قبضے کی سازشیں کی جارہی ہیں جن کا نوٹس لیا جائے۔