کورنگی سیکٹر50/A میں 4 دن سے بجلی غائب٬10ہزار سے زائد مکانات متاثر

گھروں میں پانی اوربجلی نہ ہونے کے باعث خواتین اور بچے مشکلات کا شکار مساجد میں پانی نہ ہونے کے باعث نمازی تیمم پر مجبور ہیں٬ بجلی بحال نہ کی گئی جماعت اسلامی سخت احتجاج کرے گی

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) کورنگی سیکٹر 50/A کے سیکٹر B,C,D اور ST18 کے دس ہزار سے زیادہ مکانات میں 4دن سے بجلی غائب ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے کے عوام شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہوگئے۔ گھروں میں خواتین اور بچوں کی پریشانیوں کے ساتھ ساتھ مساجد میں بھی بجلی نہ ہونے کے باعث پانی نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے نمازی حضرات تیمم کررہے ہیں اور علاقے میں پانی اور بجلی کے بحران کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے مقامی رہنما اور سابق کونسلر غلام محمد نے کے الیکٹرک کے اس ظلم کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کورنگی سیکٹر 50/A غوث پاک روڈ نزد فاران پبلک اسکول ومحمدی مسجد بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور لوگوں کی پریشانیوں اور مشکلات سے فوری طور پر نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کے الیکٹرک کے دفاتر میں چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں اور غریب لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس ہزار سے زائد مکانوںمیں بجلی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو علاقے کے عوام سڑکوں پر نکل کر احتجاج پر مجبور ہوجائے گے اور حالات کی خرابی کی ذمہ دار کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوگی۔