اسلام آباد شریف برادران کی ذاتی جاگیر نہیں کہ اجازت نامہ لے کر پہنچیں ٬مشتاق احمدغنی

خیبر پختونخوا میں مسلح جتھوں کا الزام بے بنیاد ہے وفاقی حکومت خود امن وامان کی صورت حال خراب کر رہی ہے میاں نواز شریف نے اس وقت پورے ملک کو لاس ڈائون کیا ہوا ہے ۔ خیبر پختونخوا او ر اسلام آباد کے عوام کو 02نومبر سے قبل ہی جیل میں بند کر دیا گیا ہے٬ترجمان خیبرپختونخوا

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے ترجمان مشتاق احمدغنی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مسلح جتھوں کا الزام بے بنیاد ہے وفاقی حکومت خود امن وامان کی صورت حال خراب کر رہی ہے میاں نواز شریف نے اس وقت پورے ملک کو لاس ڈائون کیا ہوا ہے ۔ خیبر پختونخوا او ر اسلام آباد کے عوام کو 02نومبر سے قبل ہی جیل میں بند کر دیا گیا ہے پرتشدد اقدامات اور ایک صوبے کو ملک دوسرے حصوں سے منقطع کرنے پر میاں نواز شریف وزیر اعظم کے منصب کے اہل نہیں رہے ہیں ۔

پانامہ لیکس اور احتساب سے بچنے کے لئے میاں نواز شریف ملک کے عوام کو یرغمال نہیں بنا سکتے ہیں ۔ اتوار کے روز موٹروے پر صوابی انٹر چینج کے قریب دھرنا کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کس قانون اور آئین کے تحت خیبر پختونخوا کے عوام کو اسلام آباد جانے روک رہی ہے کیا خیبر پختونخوا اس ملک کا حصہ نہیں ہے وفاقی حکومت چاہے کچھ بھی کر لے ہمیں آج اسلام آباد پہنچنے سے کوئی بھی نہیں روک سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد شریف برادران کی کوئی ذاتی جاگیر نہیں ہے کہ ان کے اجازت نامے کی ضرورت ہو ۔ مشتاق احمد غنی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس وقت غنڈا گردی اور بدمعاشی کی مثال قائم کر دی ہے ۔ بدمعاشوں او رغنڈوں کو کسی صورت بیس کروڑ عوام کی نمائندگی کا حق حاصل نہیں ہے ۔ ساری دنیا میں شریف برادران کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے ۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ وفاق اس وقت خیبر پختونخوا کے ساتھ دشمنوں والا سلوک کررہا ہے جو کہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل شرم ہے ۔ گزشتہ روز سے تمام راستے بند ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام انتہائی تکلیف دہ مرحلے سے گز ررہے ہیں جس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے اور اس کے نتائج بھی اسے ہی بھگتنا پڑیں گے ۔