بلوچستان کے عوام کے دکھ سے بخوبی طورپر آگاہ ہوں٬ہماری بہادر افواج اور عوام مل کر دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہی ہے٬پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام اور میرے خاندان کا غم ایک ہے٬ سانحہ 8اگست میں بلوچستان کی عوام کو انصاف فراہم کر نے والے وکلاء کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پی ٹی سی میں عوام کے محافظوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوںنے یہ بات اتوار کو سول ہسپتال کوئٹہ میں سانحہ پولیس ٹریننگ کالج میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ‘ سابق صوبائی وزراء حاجی علی مدد جتک ٬ میر صادق عمرانی ٬ سابق وفاقی وزیر میر چنگیز جمالی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بے نظیر بھٹو شہید نے سیکورٹی خدشات کے باوجود 2007میں الیکشن مہم چلائی جبکہ ان کی شہادت کے بعد بھی ہم نے پاکستان کھپے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہیدمرتضیٰ بھٹو ٬شہید شاہنوا ز بھٹو ٬ شہید بینظیر بھٹو کو بھی سفاک دہشتگردوں نے شہید کیا٬ میں خود بھی دہشتگردی کا شکار ہوں۔ بلوچستان کے عوام کے دکھ سے بخوبی طورپر آگاہ ہوں ۔ ہماری بہادر افواج اور عوام مل کر دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ کسی بھی غیر جمہوری طریقے سے آنے والی تبدیلی پر پاکستان پیپلز پارٹی مٹھائی نہیں بانٹے گی اور نہ ہی اسے سپورٹ کرے گی ۔انہوںنے مزید کہاکہ4نومبر کو جنوبی پنجاب میں جلسہ کیا جائے گا جبکہ پیپلز پارٹی کاکشمیر پر موقف واضح ہے کہ کشمیر ی عوام کی امنگو ںکے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیاجائے ۔