میگا پراجیکٹس علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے گیم چینجرز ثابت ہوں گے‘وزیر قانون

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:10

پشاور۔30اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پی کے 39 کی 35 سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیںاور یہا ں پر اربوں روپے کے شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس علاقے کی تقدیر بدل دینگے اور تکمیل کے بعد یہ علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شکردرہ کوہاٹ میں 25کروڑ روپے لاگت کے تڑلی پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے دوسروں کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر٬تحصیل نائب ناظم لاچی ناظر محمود٬ ڈسٹرکٹ کونسلر محمد حسن٬ فقیر شاہ٬ جمیل احمد٬عثمان خٹک اور امیر جان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی٬ چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ایوب خٹک٬ایس ای سی اینڈ ڈبلیو کوہاٹ محمد ریاض اور عمائد ین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ا اپنے حلقہ نیابت پی کے 39کے لئے منظورکردہ میگا پراجیکٹس کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کڑپہ شکردرہ ہائی وے کیلئے ڈھائی ارب روپے٬دریائے سندھ سے شکردرہ اور ملحقہ دیہات کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے٬انڈسٹریل اسٹیٹ جس میں منی ائیرپورٹ بھی ہو گا کیلئے 60کروڑ رپے٬ شکردرہ گرڈ اسٹیشن کیلئے بھی 60کروڑ روپے٬ریسکیو1122کیلئے 35کروڑ روپے٬ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئی25کروڑ روپے اور بوائز ڈگری کالج کیلئے 24 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔

اسی طرح گرلز ڈگری کالج کی فزیبیلٹی بھی مکمل ہو گئی ہے اور عنقریب اس پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ رحمن آباد میں ٹیکنیکل کالج کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔قبل ازیں وزیر موصوف نے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان وزیر کے ہمراہ تڑلی پل کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔