سمال انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ الحاج شاہ جی گل افریدی

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:10

جمرود۔30اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) جمرود کے علاقے شاہ کس میں خان محمد آفریدی کی رہائش گاہ پر سمال انڈسٹریز کے مالکان ٬ٹیسکو حکام ٬قبائیلی مشران اور ممبر قومی اسمبلی کے درمیان کارخانو کے مسائل پر ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں قبائیلی مشران ملک شاہ محمود٬ملک خالد اکبر ٬ملک یوسف٬انجینئرجہانگیر خان ٬ٹیسکو ایکسئین اکرام اللہ اور ممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے شرکت کی ۔

جرگے سے کارخانوں کے مالکان نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ جمرودمیں دو سو سے زائد کارخانے قائم ہیں جس سے ہزاروں لوگوںکا روزگاروابستہ ہے تاہم بجلی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اکثر کارخانے بند رہتے ہیں جس کے باعث ہزاروں افراد کوفاقے کرنا پڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بل بھی ادا کرنے باوجودحکام بجلی فراہم کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جبکہ کارخانوں کے لیے الگ فیڈر قائم ہے اس لیے بلا تعطل بجلی فر اہم ہونی چاہیے ۔

سمال انڈسٹری کے مالکان اور قبائیلی مشران نے ممبر قومی الحاج شاہ جی گل افریدی ٬ٹیسکو حکام اور گورنر خیبر پختون خوا سے مطالبہ کیا کہ جمرود بجلی گریڈ اسٹیشن پر تعمیراتی کام تیز کیا جائے ۔جرگے سے فاٹا پارلیمانی لیڈرممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمال انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے ان کی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات سے قبائیلیوں عوام کی تقدیر بدل جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور فاٹا اصلاحاتی کمیٹی فاٹا کا دورہ کرکے اصلاحات کا اعلان کریں ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات اپنے ساتھ فاٹا لنک روڈ٬ہر ایجنسی میں ایک یونیورسٹی ٬انڈسٹریل سٹیٹ اور اجتماعی ترقیاتی کام لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایک فیصد قبائلی اور غیر قبائلی مفاد پرست لوگ فاٹا اصلاحات کی مخالفت کررہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے ۔